لاہور (لارڈ میڈیا): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام انسانی اور مکینکل وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔
مریم نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں واسا اور دیگر محکموں نے بریفنگ دی، بارشوں اور نکاسی آب کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر لیسکو اور دیگر بجلی کمپنیوں کو نوٹس لینے کی ہدایت دی۔
مریم نواز نے واسا کمپلینٹ ہیلپ لائن پر فوری کارروائی اور دریاؤں پر نہانے کی پابندی کی ہدایت کی۔ انہوں نے مساجد اور میڈیا کے ذریعے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت دی۔
انہوں نے والدین سے بچوں کو سیلابی پانی سے دور رکھنے کی اپیل کی اور سانپ کے کاٹنے اور پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کے تدارک کے لئے ‘کلینک آن ویل’ بھیجنے کا حکم دیا۔
ملتان، ڈیرہ غازی خان اور مری میں وارننگ اور انخلاء کے اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ پی ڈی ایم اے، این ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کے درمیان اشتراک کار کا بھی حکم دیا گیا۔
مریم نواز نے واسا کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پہلے جہاں کئی دن پانی کھڑا رہتا تھا، وہاں اب چند گھنٹوں میں نکاسی آب ممکن ہوئی ہے۔


