اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد کی تعیناتی اسلام آباد بار سے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ذمہ داریاں دیانتداری سے نبھائی جائیں تو دنیا اچھے کاموں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے جوڈیشل کمپلیکس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت سنبھالتے ہی انہوں نے عہد کیا تھا کہ اسلام آباد کو اولین ترجیح دی جائے گی اور وفاقی دارالحکومت کے حوالے سے چراغ تلے اندھیرا نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 2022 میں حکومت سنبھالنے کے بعد نگراں حکومت کا دور بھی آیا، تاہم ترقیاتی منصوبے نہیں رکے۔ اسلام آباد میں جتنے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے، اتنے کہیں اور نہیں ہوئے۔
وزیر قانون نے بتایا کہ اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس کا منصوبہ مکمل کیا گیا۔ اگرچہ اس میں چند مسائل تھے جنہیں حل کیا جا رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ کورٹس کے ساتھ وکلاء کے چیمبرز کے لیے جگہ مختص کی گئی ہے جبکہ وزارتِ قانون نے بھی اپنی جگہ وکلاء کے چیمبرز کے لیے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اسلام آباد بار کونسل کے نمائندے بھی جوڈیشری میں موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کی بہتری کے لیے بھی معاونت فراہم کر رہی ہے۔


