تہران (لارڈ میڈیا): ایران نے خطے میں امریکی اڈوں پر حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے مطابق، اردن کے علاقے الرکبان میں امریکی فوجی اڈے پر ایف پندرہ طیارہ تباہ کیا گیا اور متعدد امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکی اڈے پر دفاعی ریڈار سسٹم کو تباہ کیا گیا جبکہ بحرین میں میزائل حملے سے ایمازون کا ڈیٹا سینٹر متاثر ہوا۔
بحرین کے محرق اور رفاع میں امریکی ریڈار اور فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا۔ کویت میں امریکی ریڈار، مواصلاتی نظام اور سیٹلائٹ تنصیبات پر میزائل اور ڈرونز داغے گئے، جن سے اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
کویت کی علی السالم اور احمد الجابر ایئربیس پر ایم کیو نائن ڈرون ہینگر کو ٹارگٹ کیا گیا۔ ایف پی ایس 117 ریڈار، پیٹریاٹ دفاعی نظام اور فضائی دفاع سے متعلق سیٹلائٹ مواصلاتی نظام تباہ ہوگئے۔ کیمپ العدیر میں ہیلی کاپٹروں کے پارکنگ ایریا پر ڈرون حملہ کیا گیا جبکہ الجابر بیس میں فوجی رہائشی عمارت بھی متاثر ہوئی۔
پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ یہ خطہ امریکی جارحیت پسند افواج کے لئے نہیں ہے اور انہیں جانی نقصان سے بچنے کے لئے خطہ چھوڑ دینا چاہئے۔


