کراچی (لارڈ میڈیا): سندھ کے وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن پر ایک مال گاڑی کی 17 سے زائد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے باعث کراچی سے پنجاب آنے اور جانے والی تمام ٹرینیں معطل ہو گئی ہیں۔ اس حادثے سے اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریکس کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
حادثے کے فوراً بعد ریلوے انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی شروع کر دی اور مسافر ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا۔ مسافروں کی حفاظت اور ٹریک کی مرمت کے لیے ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں۔
حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر قراقرم ایکسپریس کو خالی کرا کر مسافروں کو نیچے اتارا گیا، جبکہ دیگر ٹرینوں کو بھی مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹریکس کے شدید نقصان کی وجہ سے ریلوے آپریشن اگلے 24 گھنٹوں تک معطل رہے گا۔ ڈی ایس ریلوے سکھر فرمان غنی کا کہنا ہے کہ روہڑی اور کوٹری سے ریلیف ٹرینیں روانہ کر دی گئی ہیں، تاہم بحالی میں وقت لگے گا۔
حادثے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلوے انتظامیہ نے متاثریں کو ٹکٹوں کے پیسے مکمل طور پر ریفنڈ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ڈی سی او ریلویز کراچی کے مطابق، ٹریک کی بحالی میں کل تک کا وقت لگ سکتا ہے۔


