دوحہ (لارڈ میڈیا): آبنائے ہرمز میں کشیدہ صورت حال کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی غیر اعلانیہ طور پر قطر پہنچ گئے ہیں۔ ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق عباس عراقچی اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ قطر پہنچے ہیں جو امریکا کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کا اہم ثالث بھی رہا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ عباس عراقچی نے قطر پہنچ کر سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر تعزیت کا پیغام پہنچایا۔ ایرانی وزیر خارجہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔
دورے کے دوران امریکا کی جانب سے مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی پر تحفظات کا اظہار کیا جائے گا اور ایرانی سپریم لیڈر کا پیغام پہنچایا جائے گا۔
شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی اتوار کے روز انتقال کر گئے تھے جس کے بعد قطر میں 4 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا۔ اس دوران سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رکھا گیا۔
شیخ حمد بن خلیفہ کو جدید قطر کی تعمیر و ترقی کا معمار سمجھا جاتا ہے جن کی قیادت میں قطر نے عالمی سطح پر نمایاں مقام بنایا۔ 2013 میں انہوں نے اقتدار اپنے صاحبزادے کو منتقل کر دیا تھا۔


