راولپنڈی (لارڈ میڈیا): کامرہ کے قریب نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر جاوید شنواری کو ڈمپر نے کچل دیا، جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگئے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ڈیوٹی پر تعینات جاوید شنواری کو ڈمپر کچل رہا ہے اور ڈرائیور کی جانب سے جان بوجھ کر ایسا کرنے کا شبہ ظاہر ہوتا ہے۔
حادثے کے بعد موٹروے پولیس اہلکاروں نے ڈمپر کا پیچھا کیا جبکہ موقع پر موجود ایک ہیلپر کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق جاوید شنواری کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو اسپتال حضرو منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ حادثہ ڈمپر ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔ شہید جاوید اکبر کا تعلق مردان سے تھا اور ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور پانچ بچے شامل ہیں۔ انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، سلطان احمد چودھری نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔


