ہومUncategorizedآج سورج عین اوپر آنے سے خانہ کعبہ کا سایہ غائب ہو...

آج سورج عین اوپر آنے سے خانہ کعبہ کا سایہ غائب ہو جائے گا

مکہ مکرمہ (لارڈ میڈیا): سعودی عرب میں آج ایک منفرد فلکیاتی مظہر دیکھنے کو ملے گا جب سورج عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا، جس کے باعث خانہ کعبہ کا سایہ مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔ جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق یہ واقعہ مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 26 منٹ اور 44 سیکنڈ پر پیش آئے گا۔ اس لمحے سورج 90 ڈگری کے زاویے پر براہِ راست خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا، جس کے نتیجے میں عمودی اشیا کا سایہ تقریباً ختم ہو جاتا ہے۔

ماہرینِ فلکیات کا کہنا ہے کہ یہ موقع دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ جن علاقوں میں اس وقت دن ہوگا، وہاں موجود افراد سورج کی سمت کو دیکھ کر اپنے قبلے کی درست سمت کی تصدیق کر سکتے ہیں، کیونکہ اس لمحے سورج کی سمت ہی عین قبلے کی سمت ہوتی ہے۔

جدہ کی فلکیاتی انجمن کے سربراہ ماجد ابو زاہرہ کے مطابق خانہ کعبہ کے اوپر سورج کے عمودی طور پر آنے کا پہلا منظر رواں سال 27 مئی کو مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 18 منٹ پر دیکھا گیا تھا۔

ماہرین کے مطابق سورج کا خانہ کعبہ کے عین اوپر آنا ہر سال دو مرتبہ وقوع پذیر ہوتا ہے، ایک بار مئی کے اختتام پر اور دوسری بار جولائی کے وسط میں۔ یہ قدرتی فلکیاتی مظہر زمین کے محور کے جھکاؤ اور سورج کی ظاہری شمالی و جنوبی حرکت کے باعث پیش آتا ہے۔

یہ منفرد فلکیاتی منظر نہ صرف سائنسی دلچسپی کا باعث ہے بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے بھی ایک اہم اور یادگار موقع تصور کیا جاتا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں