کراچی (لارڈ میڈیا): کراچی میں پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 38 افراد کو حراست میں لے کر افغان کیمپ منتقل کر دیا ہے۔ ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران 20 افغان باشندوں کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد افغان کیمپ منتقل کیا گیا۔
سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا پولیس نے بھی غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائی جاری رکھی ہے۔ ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اونگزیب خٹک کے مطابق پولیس نے مجموعی طور پر 15 افغان باشندوں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی مکمل کر لی ہے۔
ملیر کینٹ پولیس نے بھی غیر قانونی طور پر مقیم 3 افغان باشندوں کو حراست میں لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افغان باشندوں کو افغان کیمپ میں تعینات حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں ان کی وطن واپسی کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔


