ڈلاس (لارڈ میڈیا): ارلنگ ہالینڈ کے آخری لمحات میں کیے گئے فیصلہ کن گول کی بدولت ناروے نے آئیوری کوسٹ کو 2-1 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
میچ کے آغاز میں آئیوری کوسٹ نے جارحانہ کھیل پیش کیا، تاہم ناروے کے دفاع نے ہر حملے کو ناکام بنا دیا۔ پہلے ہاف کے 39ویں منٹ میں مارٹن اوڈیگارڈ کے پاس پر انتونیو نوسا نے شاندار گول سے ناروے کو برتری دلائی۔
دوسرے ہاف میں متبادل کھلاڑی اماد دیالو نے نیکولس پیپے کے ساتھ کھیل کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ 86ویں منٹ میں آسکر باب کے پاس پر ارلنگ ہالینڈ نے خالی جال میں گیند پہنچا کر ناروے کو قیمتی برتری دلا دی۔
اختتامی لمحات میں آئیوری کوسٹ کو فری کک پر برابر کرنے کا موقع ملا، لیکن ناروے کے گول کیپر اوریان نیلینڈ نے شاندار بچاؤ کرتے ہوئے فتح یقینی بنا دی۔ اب ناروے کا پری کوارٹر فائنل میں سخت امتحان برازیل کے خلاف ہوگا۔


