لاہور (لارڈ میڈیا): ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ملکی ہاکی کا ڈھانچہ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کے لیے غیر ملکی کوچز اور فٹنس ٹرینرز کی خدمات حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی نے کہا ہے کہ پرو لیگ میں کھلاڑیوں کی فٹنس، جدید کھیل کی سمجھ بوجھ اور حکمت عملی میں شدید کمی رہی، جس کی وجہ سے سخت ترین اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے پرو لیگ کے نتائج پر پوری قوم سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نتائج ہمارے حق میں نہیں آئے۔
پاکستان ہاکی ٹیم نے پرو لیگ کے تمام 16 میچوں میں ناکامی کا سامنا کیا، اور پورے ایونٹ میں 22 گول اسکور کیے جبکہ حریف ٹیموں نے گرین شرٹس کے خلاف 79 گول کیے۔
کپتان نے مزید کہا کہ آپ صرف ہمارے نتائج دیکھتے ہیں، لیکن دنیا کی دیگر ٹیموں کے تربیتی نظام کو نہیں دیکھتے۔


