اسلام آباد (لارڈ میڈیا): سندھ میں پولیو وائرس کے خاتمے کی جدوجہد میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے، جہاں ماحولیاتی نمونوں کے نتائج میں بہتری دیکھی گئی ہے۔ وزارتِ صحت کے ترجمان کے مطابق سندھ میں پولیو وائرس کے خاتمے کی کوششوں کے نتیجے میں 29 میں سے 28 نمونوں کی رپورٹ منفی آئی ہے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اگست 2023 کے بعد پہلی بار منفی ماحولیاتی نمونوں کی اتنی بڑی تعداد ریکارڈ کی گئی ہے۔ کراچی ڈویژن میں 12 میں سے 11 نمونوں کی منفی رپورٹ آئی ہے، جبکہ سندھ کے دیگر ڈویژنز میں تمام 17 نمونے منفی پائے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ قمبر اور کشمور میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ایک خوش آئند پیشرفت ہے، جبکہ بدین اور میرپورخاص میں مسلسل دوسرے ماہ میں منفی ماحولیاتی نمونے آنا اہم کامیابی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا ہے کہ جولائی 2026 کے دوران کراچی میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ وائرس کے خاتمے کی کوششوں کو مزید تقویت دی جا سکے۔


