اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے مذہبی پروگرام میں مبینہ طور پر ناقابل قبول مذہبی تصویر کشی پر جیو نیوز کا لائسنس 15 روز کے لیے معطل کرتے ہوئے چینل کی نشریات فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جیو نیوز پر 10 محرم الحرام، 26 جون 2026 کو نشر ہونے والے پروگرام “سفرِ عشق” میں ایسی مذہبی تصویر کشی اور تصوراتی عکاسی کی گئی جو نہ صرف چینل کے لائسنس کی شرائط کی خلاف ورزی ہے بلکہ مذہبی، معاشرتی اور ثقافتی اقدار و اصولوں کے بھی منافی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ نشریات پیمرا قوانین کی متعدد شقوں کی صریح خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہیں، جس سے مذہبی جذبات مجروح ہوئے اور مذہبی ہم آہنگی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔ انہی وجوہات کی بنیاد پر جیو نیوز کا لائسنس فوری طور پر 15 دن کے لیے معطل کیا جا رہا ہے۔
پیمرا کے مطابق معطلی کے دوران جیو نیوز کی نشریات سیٹلائٹ اور تمام نشریاتی نیٹ ورکس پر بند رہیں گی، جبکہ تمام ڈسٹری بیوٹرز اور آپریٹرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر فوری عمل درآمد یقینی بنائیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذہبی پروگرام نشر کرتے وقت جیو نیوز پر لازم تھا کہ وہ غیر معمولی احتیاط برتتا اور اس کی داخلی جائزہ کمیٹی ایسے حساس مواد کی مؤثر نگرانی کرتی، تاہم ادارہ اس ذمہ داری کی انجام دہی میں ناکام رہا۔
پیمرا نے مزید کہا کہ اس معاملے پر پیمرا کی شکایات کونسل بھی مزید کارروائی کے لیے سماعت کرے گی اور ضرورت پڑنے پر مزید ریگولیٹری اقدامات کی سفارشات مرتب کرے گی۔
اتھارٹی نے جیو نیوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ادارے کے اندر بھی انکوائری کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ مستقبل میں اس نوعیت کی خلاف ورزی دوبارہ نہ ہو۔
پیمرا کے مطابق یہ تمام احکامات پیمرا قوانین اور متعلقہ ضابطہ کار کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔


