راولپنڈی (لارڈ میڈیا): 16 سال کی عمر کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک ترجمان کے مطابق، پرمٹ والدین کی رضامندی کے بعد جاری کیا جائے گا اور اس کے لیے اسمارٹ کارڈ یا ب فارم ضروری ہوگا۔ چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے کہا کہ یہ پرمٹ صرف موٹر سائیکل چلانے کے لیے ہوگا، جس پر 125 سی سی تک موٹر سائیکل یا اسکوٹی چلانے کی اجازت ہوگی۔ جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے لیے سائن اور روڈ ٹیسٹ لیے جائیں گے اور ٹیسٹ پاس کرنے والوں کو موقع پر پرمٹ جاری کیا جائے گا۔ سالانہ فیس 500 سے 1000 روپے مقرر کی گئی ہے۔ سی ٹی او نے کہا کہ ہیلمٹ کا استعمال لازمی ہوگا اور سنگین خلاف ورزیوں پر پرمٹ منسوخ کر دیا جائے گا۔ یہ اقدام نوجوانوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ سڑکوں پر حادثات کی شرح کو کم کیا جا سکے۔


