اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے کمی کی جا رہی ہے۔ اس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 299 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 311 روپے فی لیٹر ہو گی۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق، یہ فیصلہ خطے میں معاشی بہتری اور تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے باعث لیا گیا ہے، جس کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے اور حکومت ان کی مدد کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ترقیاتی بجٹ اور کفایت شعاری سے کی گئی بچت کے ذریعے 129 ارب روپے استعمال کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کی ثالثی کو سراہا اور کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں جو کمی آئے گی، وہ عوام تک منتقل کی جائے گی۔
وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں تقریر کے دوران اس اقدام کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت نے توانائی کے بحران کے دوران مؤثر منصوبہ بندی کی بدولت عوام کو مشکلات سے بچایا ہے۔


