ہومتازہ ترینقومی اقتصادی کونسل نے ترقیاتی پروگرام کی منظوری دے دی

قومی اقتصادی کونسل نے ترقیاتی پروگرام کی منظوری دے دی

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): قومی اقتصادی کونسل نے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام اور اہم معاشی اہداف کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی جبکہ پنجاب کی نمائندگی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ کئی ہفتوں سے مشاورت جاری ہے اور مزید وسائل پیدا کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے چیلنجز اور دفاع کے لیے وسائل کی فراہمی کو ترجیح قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو بڑے چیلنجز کا سامنا رہا، لیکن ٹیم ورک کے ذریعے پاکستان کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے گئے۔ خطے کی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا لیکن صوبوں نے بھرپور تعاون کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ عوام کو تیل کی قیمتوں میں 128 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا اور بروقت اقدامات کی بدولت پاکستان میں پیٹرول کی فراہمی ممکن رہی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بتایا کہ قومی اقتصادی کونسل نے پی ایس ڈی پی کی منظوری دے دی ہے اور آئندہ مالی سال کے لیے پی ایس ڈی پی کا حجم 1000 ارب روپے رکھا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال کا قومی اقتصادی سروے کل جاری کیا جائے گا۔ تاہم حکومت معاشی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے، جی ڈی پی گروتھ 4.2 فیصد ہدف کے مقابلے 3.7 فیصد تک محدود رہی۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں