اسلام آباد (لارڈ میڈیا): نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ملک بھر کے ٹول پلازوں کے نئے ٹھیکے جاری کر دیے ہیں، جو نیٹ گارنٹیڈ ماہانہ آمدن کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔ یہ ٹھیکے 30 جون 2027 تک جاری رہیں گے۔
اتھارٹی نے بتایا ہے کہ کامیاب ٹھیکیداروں کو مقررہ نیٹ گارنٹیڈ رقم کے ساتھ تمام مروجہ ٹیکسز بھی ادا کرنا ہوں گے۔ ٹھیکیداروں کو ہر ماہ مقررہ رقم ایڈوانس بنیادوں پر این ایچ اے کے اکاؤنٹ میں جمع کرانا ہوگی۔
نیلامی میں حصہ لینے کے لیے فرم کا پاکستان انجینئرنگ کونسل میں رجسٹرڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ نادہندگان کو بولی میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ ٹھیکیداروں کو کیش اِن ٹرانزٹ انشورنس بھی فراہم کرنا ہوگی۔
نیلامی کے دوران اربوں روپے کی بولیاں لگیں۔ سنگجانی این-5 ٹول پلازہ 13 کروڑ 48 لاکھ 45 ہزار روپے میں نیلام ہوا۔ دیگر بڑے مقامات میں اُباڑو اور رانی پور شامل ہیں، جبکہ گھوٹکی اور ماچھی گوٹھ نسبتاً کم قیمت پر نیلام ہوئے۔
کچھ مقامات جیسے مکران کوسٹل ہائی وے اور قلات میں بولی دہندگان کی عدم دلچسپی کے باعث نیلامی بغیر نتیجہ ختم ہوگئی۔


