اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ خسارے میں چلنے والے ریاستی اداروں کی نجکاری ہماری اہم ترجیح ہے اور یہ عمل انتہائی شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے بعد ایک مضبوط ریگولیٹری فریم ورک بنایا جائے گا۔ اجلاس کے دوران ڈسکوز کی نجکاری کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی، جس کے مطابق پہلے فیز میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، گوجرانوالا الیکٹرک پاور کمپنی اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کی جائے گی۔
ان کمپنیوں کی نجکاری کے حوالے سے ملکی و بین الاقوامی اخبارات میں ایکسپریشن آف انٹرسٹ جاری کیا جا چکا ہے۔ کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے ان کمپنیوں کی نجکاری کے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری بھی دے دی ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے رواں ماہ سے روڈ شوز منعقد کئے جائیں گے، جن میں سعودی عرب، ترکیہ اور چین کے سرمایہ کاروں کو بین الاقوامی سطح پر مدعو کیا جائے گا۔


