اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ انہوں نے یہ بات سی پیک کی تعمیر اور پاک چین تعلقات کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں کہی۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ پاکستانی قوم پاک چین دوستی کا جشن منا رہی ہے اور قیادت ان تعلقات پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے روابط موجود ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین دونوں ممالک کے تعاون کو نئی بلندیوں پر لے گیا جبکہ صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان نے تعلقات کی نئی سمت متعین کی۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک، صدر شی جن پنگ کے ایک خطہ، ایک سڑک اقدام کا اہم حصہ ہے جو پاکستان میں ترقی اور اقتصادی استحکام کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ عوامی روابط، میڈیا تعاون اور ثقافتی تبادلے مسلسل فروغ پا رہے ہیں، جبکہ وفود کے تبادلے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنا سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کرے گا اور چین کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔


