ہومانٹرنیشنلچینی سفیر کا یوکرین بحران کے سیاسی حل کے لئے مسلسل کوششوں...

چینی سفیر کا یوکرین بحران کے سیاسی حل کے لئے مسلسل کوششوں پر زور

اقوام متحدہ (شِنہوا) چینی سفیر نے کہا ہے کہ یوکرین بحران کے طویل ہونے کے ساتھ ہی یہ تنازع مسلسل شدت اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے تمام فریقوں سے اس بحران کے سیاسی حل کے لئے مسلسل کوششیں کرنے کی اپیل کی۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یوکرین سے متعلق بریفنگ کے دوران چین کے نائب مستقل مندوب سن لی نے کہا کہ میدان جنگ میں حملوں، ہلاکتوں اور بنیادی شہری سہولتوں کی تباہی کی صورتحال روز بروز بدل رہی ہے لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ فوجی ذرائع سے امن حاصل نہیں کیا جا سکتا اور اس تنازع کو جاری رہنے دینا مزید نقصان کا باعث بنے گا۔

انہوں نے بحران کی پیچیدگی، امن معاہدے تک پہنچنے کی مشکلات اور سیاسی حل کے اہم مگر دشوار راستے کے حوالے سے موجودہ صورتحال کے تناظر میں چار نکاتی توقعات پیش کیں۔

انہوں نے متعلقہ فریقوں سے اپیل کی کہ وہ عوام کو ترجیح دیں اور زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جو کشیدگی اور تنازع کو بڑھا سکتا ہو اور صورتحال کو قابو سے باہر ہونے سے روکیں۔

انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ صبر، نیک نیتی اور لچک کا مظاہرہ جاری رکھیں، جلد از جلد امن مذاکرات دوبارہ شروع کریں اور ایک دوسرے کے جائز سلامتی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع، پائیدار اور قابل عمل امن معاہدے تک پہنچیں۔

سفیر نے امید ظاہر کی کہ علاقائی ممالک اور عالمی برادری جنگ بندی اور امن مذاکرات کی حمایت میں آواز بلند کریں گے اور کشیدگی بڑھانے کے بجائے اعتماد سازی اور ثالثی کے لئے مزید سفارتی کوششیں کریں گے ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام فریق اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کے مطابق بحران کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کریں تاکہ خطے میں متوازن، موثر اور پائیدار سلامتی کا نظام قائم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین مسئلے پر چین کا موقف ہمیشہ غیر جانبدار اور معروضی رہا ہے اور چین بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر اس بحران کے سیاسی حل میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں