نیروبی (شِنہوا) چین کے وسطی صوبے ہونان کے ایک وفد نے فلم اور ٹیلی ویژن کی پروڈکشن میں تعاون کے امکانات کی تلاش کے لئے نیروبی یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ یہ اقدام چین اور کینیا کے درمیان بڑھتے ہوئے ثقافتی تبادلوں کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ دورہ ہونان فلم ویک افریقہ (کینیا) کا حصہ تھا جس کا مقصد تخلیقی معیشت میں مستقبل کے تعاون کے لئے اعلیٰ حکام، ماہرین اور دانشوروں کے درمیان مکالمے اور تجربات کے تبادلے کو فروغ دینا تھا۔
ہونان صوبے کی عوامی حکومت کے اطلاعاتی دفتر کے نائب ڈائریکٹر لو ژینگ ماؤ نے کہا کہ پرفارمنگ آرٹس، خصوصاً فلم اور ٹیلی ویژن ہونان اور کینیا کے درمیان تعاون کا مرکزی حصہ ہیں جس کا مقصد دونوں فریقوں کے لئے فائدہ مند نتائج حاصل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مل کر یہ تلاش کریں گے کہ خاص طور پر نوجوان فلم سازوں کے لئے سٹریمنگ سروسز، سوشل میڈیا اور مختصر ویڈیو پلیٹ فارمز کس طرح مشترکہ پروڈکشن، کاپی رائٹ تعاون اور جدید مواد کی ترسیل کے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔
نیروبی یونیورسٹی کی فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز کے ڈین جیک اودیامبو نے کہا کہ ہونان صوبے کے ساتھ تعاون نے ابھرتے ہوئے ٹی وی اور فلم پروڈیوسرز کی رہنمائی اور تربیت کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس شراکت داری کے نتیجے میں 2025 کے آخر میں میوزیکل ٹیلنٹ شو” سنگ فار افریقہ” کا پہلا پروگرام کامیابی سے شروع کیا گیا جس کا مقصد مقامی نوجوان گلوکاروں کو تلاش کرنا، ان کی تربیت کرنا اور چین اور افریقہ کے درمیان ثقافتی تبادلے کو مضبوط بنانا ہے۔
جیک اودیامبو نے مزید کہا کہ نیروبی یونیورسٹی اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش رکھتی ہے تاکہ فلم سازوں، ٹی وی پروڈیوسرز اور پرفارمنگ آرٹسٹس کی تربیت اور صلاحیت بڑھانے میں تعاون بڑھایا جا سکے۔


