اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی پر صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے شفاف، آزاد اور پرامن انتخابات کے انعقاد پر عوام اور الیکشن کمیشن کو بھی مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی، جو جمہوریت کی مضبوطی کے لیے خوش آئند ہے۔ انہوں نے پرامن اور شفاف انتخابات کو جمہوریت کا حسن قرار دیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی اکثریتی جماعت کے طور پر ابھری ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں نے بھی کامیابی حاصل کی۔ وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں اور گلگت بلتستان کے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی۔
گلگت بلتستان انتخابات میں پیپلز پارٹی نے 10، مسلم لیگ ن نے 4، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ایک اور 6 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پرامن انتخابی کردار کی تحسین کی۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب نمائندے گلگت بلتستان کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔


