ممبئی (لارڈ میڈیا): بالی ووڈ کی مشہور فلم ‘لگان’ کے 25 سال مکمل ہونے پر اداکار عامر خان نے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 12 جون کو فلم کو سینما گھروں میں دوبارہ پیش کیا جائے گا جبکہ 13 جون کو ممبئی کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں تقریب منعقد ہوگی۔ اس تقریب میں فلم کے مرکزی اداکاروں کے ساتھ تمام تکنیکی عملہ اور یونٹ ممبران کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس تقریب کا مقصد ان تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے ‘لگان’ کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔ تقریب میں شریک افراد فلم کی شوٹنگ کے دلچسپ واقعات اور یادیں شیئر کریں گے۔
‘لگان’ کی ہدایت اشوتوش گواریکر نے کی تھی اور یہ فلم 2001 میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم کی کہانی برطانوی دورِ حکومت میں ایک گاؤں کے کرکٹ میچ کے چیلنج پر مبنی ہے۔ فلم نے آسکر ایوارڈز میں بہترین غیر ملکی فلم کی نامزدگی حاصل کی تھی۔
فلم کی کامیابی میں اے آر رحمان کی موسیقی کا بھی اہم کردار رہا، جس کے گیت آج بھی مقبول ہیں۔


