لندن (لارڈ میڈیا): برطانیہ میں نابالغ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی، تشدد اور استحصال میں ملوث 15 افراد کو مجموعی طور پر 188 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ ویسٹ یارکشائر پولیس کے مطابق بریڈ فورڈ میں واقعہ 2007 سے 2011 کے دوران پیش آیا، جب متاثرہ لڑکی کی عمر 14 سے 18 سال کے درمیان تھی۔
پولیس کو 2015 میں اس کیس کے بارے میں شواہد ملے اور 2016 میں باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ گزشتہ دو سالوں میں ان ملزمان کے خلاف عدالتی کارروائی مکمل ہوئی، جس کے بعد جج نے ملزمان کے ناموں اور سزاؤں کی تفصیلات عام کرنے کی اجازت دی ہے۔
عدالت نے تمام ملزمان کو سنگین جنسی جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 8 سے 17 سال تک قید کی مختلف سزائیں سنائیں۔ متاثرہ خاتون نے کہا کہ ان واقعات نے اس کے بچپن اور نوجوانی پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔
بریڈفورڈ پولیس کی سینئر تفتیشی افسر وکی گرین بینک نے متاثرہ خاتون کی جرات کو سراہا اور کہا کہ بچوں کے ساتھ جنسی بدسلوکی ناقابل قبول ہے۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے کئی برس پرانے ریکارڈز، موبائل ڈیٹا اور گواہوں کے بیانات کا جائزہ لیا۔ عدالت نے کیس کی رپورٹنگ پر عائد پابندیاں ختم کرتے ہوئے اس فیصلے کا اعلان کیا۔


