کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے عارف علوی کی بینک اکائونٹس منجمد کرنے بارے درخواست پر سماعت اگست تک ملتوی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ آپ اپنا اور دوسروں کا وقت ضائع کر رہے ، انکوائری کا سامنا نہیں کریں گے تو مشکلات ہوں گی۔
بدھ کو سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے سابق صدر عارف علوی کے بینک اکائونٹس منجمد کرنے بارے دائر درخواست پر سماعت کی۔ تفتیشی افسر نے عدالت پیش ہو کر شوکاز کا جواب جمع کروا دیا۔سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ ملزمان انکوائری کیلئے پیش ہی نہیں ہو رہے، درخواست گزاروں کو 2بار نوٹس جاری کئے مگر کوئی پیش نہیں ہوا، عدالت عبوری ریلیف دے چکی 10لاکھ روپے اکائونٹ سے نکال سکتے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ میرے موکل کو ان کے پیسے استعمال کرنے سے روکا جا رہا ہے جس پر عدالت نے کہا کہ آپ اپنا اور دوسروں کا وقت ضائع کر رہے ہیں،انکوائری کا سامنا نہیں کریں گے تو مشکلات ہوں گی۔
دوران سماعت سرکاری وکیل نے استدعاء کی کہ تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے سے استثنیٰ دیا جائے جسے عدالت نے منظور کر لیا۔بعد ازاں عدالت نے کیس پر سماعت اگست کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔