واشنگٹن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں توسیع اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے معاہدہ "آئندہ ایک ہفتے کے دوران” طے پا جائے گا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ دونوں فریقوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت کب طے پائے گی تو ٹرمپ نے اے بی سی نیوز کو بتایا کہ میرا خیال ہے کہ یہ آئندہ ایک ہفتے کے دوران طے پا جائے گی۔
ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک اس پر اتفاق نہیں کیا کیونکہ انہیں مزید چند امور طے کرنا ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ امن معاہدہ فوجی فتح سے بھی بہتر ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ان کے لئے آسان معاملہ نہیں ہے۔ درحقیقت ہماری جانب سے بھی یہ آسان نہیں لیکن ہم وہ سب حاصل کر رہے ہیں جو ہمیں درکار ہے۔
اس سے قبل پیر کے روز ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات تیزی سے جاری ہیں۔ یہ بیان انہوں نے اس اعلان کے بعد دیا کہ اسرائیل اور حزب اللہ جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں۔


