ہنوور، جرمنی (شِنہوا) جرمنی کے شہر ہنوور میں ثانوی سکول کے طلبہ کے لئے "چائنیز برج” کے عنوان سے چینی زبان کی مہارت کے 19ویں مقابلے اور پرائمری سکول کے طلبہ کے لئے "چائنیز برج” کے عنوان سے چھٹے شو کا انعقاد کیا گیا۔
ان تقریبات میں جرمنی بھر سے ثانوی سکول کے 11 اور پرائمری سکول کے 15طلبہ نے حصہ لیا۔
ثانوی سکول کے طلبہ کے مقابلے میں موضوعاتی تقریر، چینی زبان اور ثقافت سے متعلق کوئز اور صلاحیتوں کے مظاہرے پر مبنی تین مراحل شامل تھے۔ شرکاء نے چینی زبان سیکھنے اور چینی ثقافت سے وابستگی کے اپنے تجربات بیان کئے۔
پرائمری سکول کے طلبہ کی تقریب میں موضوعاتی تقاریر اور مختلف فنون کے مظاہرے شامل تھے۔ شرکاء نے رقص، موسیقی، خطاطی اور مارشل آرٹس سمیت مختلف صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
جرمنی میں چین کے سفیر ڈینگ ہونگ بو نے کہا کہ 2002 میں آغاز کے بعد سے "چائنیز برج” کے عنوان سے مقابلے میں 160 سے زائد ممالک کے 18 لاکھ سے زیادہ نوجوانوں نے شرکت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقابلہ نوجوانوں کے لئے چینی زبان کی اپنی مہارت کے اظہار اور ثقافتی تبادلوں اور دوستی کو فروغ دینے کا ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
ڈینگ ہونگ بو نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی ملک کو سمجھنے کے لئے زبان بہترین ذرائع میں سے ایک ہے۔ چینی زبان اچھی طرح سیکھ کر آپ چینی اور جرمن عوام کے درمیان دوستی کی مضبوط بنیاد استوار کرنے میں مدد کر رہے ہیں۔
ان تقریبات کا انعقاد چین کی وزارت تعلیم کے ماتحت مرکز برائے لسانی تعلیم اور تعاون اور جرمنی میں چینی سفارت خانے نے کیا جبکہ میزبانی لبنیز کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ ہنوور نے کی۔


