بیجنگ (لارڈ میڈیا) : چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں عالمی صورتحال، مشرق وسطیٰ کی کشیدگی اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ چینی صدر نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے اور خطے میں کشیدگی کو روکنا ضروری ہے۔ انہوں نے جنگ کو روکنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
شی جن پنگ نے کہا کہ جنگوں کے خاتمے سے عالمی تجارتی معاملات میں حائل رکاوٹیں کم ہوں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا اس وقت دوبارہ جنگل کے قانون کی طرف جانے کے خطرے سے دوچار ہے۔ چین اور روس کے تعلقات غیر معمولی سطح پر ہیں اور دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی ترقی کے لئے تعاون جاری رکھنا چاہیے۔
چینی صدر نے مزید بتایا کہ روس اور چین کے اقتصادی تعلقات مثبت رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں جبکہ مشرق وسطیٰ کے بحران کے دوران روس ایک قابل اعتماد توانائی فراہم کنندہ رہا ہے۔ روسی اور چینی تعلقات عالمی استحکام اور توازن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔


