کراچی (لارڈ میڈیا) : وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ اس سال سمگلنگ میں 80 فیصد کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان کوسٹ گارڈ ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کے دوران کہی۔ تقریب میں ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل جواد ریاض نے وزیر مملکت کا استقبال کیا۔
طلال چودھری نے کہا کہ منشیات کی روک تھام اور سمندری راستوں سے غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام میں پاکستان کوسٹ گارڈز کا کردار قابل ستائش رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوسٹ گارڈز کی وجہ سے ساحلی حالات بہت بہتر ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کا راستہ روکنا پاکستان کوسٹ گارڈز کا طرہ امتیاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 جوانوں نے ساحلی پٹی کے امن کے لئے خون کا نذرانہ پیش کیا، جس کی بدولت ساحلی علاقے محفوظ ہیں۔


