لاہور (لارڈ میڈیا) : پاکستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے۔ اوپننگ بیٹرز فخر زمان اور صائم ایوب تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق دونوں کھلاڑی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور پی سی بی میڈیکل اسٹاف کی نگرانی میں ری ہیب کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
فخر زمان اور صائم ایوب کو مکمل فٹنس حاصل کرنے کے لیے 30 مئی سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے سلیکشن سے باہر رکھا گیا ہے۔ بورڈ نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
آسٹریلوی ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچ رہی ہے، جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز 30 مئی سے 4 جون تک راولپنڈی اور لاہور میں ہوگی۔


