بیجنگ (شِنہوا) چینی حکام نے نئی توانائی والی گاڑیوں (این ای ویز) کی حفاظتی نگرانی کو مزید مضبوط بنانے کی تاکید کی ہے تاکہ اس صنعت کی صحت مند اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت، ریاستی انتظامیہ برائے مارکیٹ ریگولیشن اور نیشنل فائر اینڈ ریسکیو ایڈمنسٹریشن کی مشترکہ میزبانی میں منعقدہ ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں اور پاور بیٹری تیار کرنے والوں پر بنیادی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مصنوعات کے معیار اور حفاظت کو یقینی بنائیں اور اسے اپنی اولین ترجیح قرار دیں۔
اجلاس کے مطابق پورے صنعتی ترسیلی نظام میں خطرات سے بچاؤ کے اقدامات کو مضبوط بنایا جانا چاہیے جن میں مصنوعات کی تحقیق و ڈیزائن، تیاری، ترسیلی سلسلے کا انتظام ، فعالیت کی نگرانی اور بعد از فروخت سروس شامل ہیں۔
مزید کہا گیا کہ صارفین کو گاڑیوں کے درست استعمال کے بارے میں رہنمائی فراہم کرنے، ممکنہ حفاظتی خطرات کی نشاندہی اور جانچ کو تیز کرنے اور حفاظتی معیار کو ہر حال میں برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
تینوں اداروں نے کہا کہ وہ دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر حفاظتی خطرات اور نقائص کی تحقیقات کے لئے معائنہ کریں گے، خلاف ورزیوں پر کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے اور صنعت میں منظم ترقی کو یقینی بنائیں گے۔


