بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ 2026 چین اور امریکہ تعلقات کے لئے ایک "تاریخی اور سنگ میل” سال ثابت ہوگا جو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کرے گا۔
چین کے دورے پر آئے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے جمعرات کو ملاقات کے دوران صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور امریکہ کے درمیان اختلافات سے زیادہ مشترکہ مفادات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ملک کی کامیابی دوسرے کے لئے موقع ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مستحکم تعلقات دنیا کے لئے بھی فائدہ مند ہیں۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور امریکہ کو حریف کے بجائے شراکت دار ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی کامیابی میں ساتھ دینا چاہیے اور مل کر ترقی کرنی چاہیے، مشترکہ خوشحالی کے لئے کام کرنا چاہیے اور نئے دور میں بڑی طاقتوں کے باہمی تعلقات کا درست راستہ تلاش کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے دونوں ممالک اور دنیا کے لئے اہم امور پر آپ کے ساتھ تبادلہ خیال کا منتظر ہوں اور آپ کے ساتھ مل کر چین-امریکہ تعلقات کی سمت متعین کرنے اور اسے آگے بڑھانے کا خواہاں ہوں تاکہ 2026 کو ایک ایسا تاریخی اور سنگ میل سال بنایا جا سکے جو چین۔امریکہ تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز کرے۔


