بنگلادیش کرکٹ (بی سی بی) کی ایڈہاک کمیٹی کے سربراہ تمیم اقبال نے کہا ہے کہ ٹی 20ورلڈ کپ معاملے پر بورڈ کی سابق انتظامیہ کی غلط حکمت عملی کے باعث ہم نے ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع ضائع کر دیا، مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکتا تھا۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں سابق بنگلا دیشی کرکٹر و کرکٹ بورڈ کے صدر تمیم اقبال نے کہا کہ جب ورلڈ کپ کا مسئلہ سامنے آیا تو میں نے سب سے پہلے کہا تھا کہ آئی سی سی نے نرمی دکھائی ہے، حل نکالنے کی گنجائش موجود تھی، اس لئے مذاکرات کے ذریعے راستہ تلاش کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ 1996-97ء میں بنگلا دیش نے کینیا کیخلاف آئی سی سی ٹرافی جیت کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا جس پر ملک بھر میں جشن منایا گیا اور ہر نوجوان کرکٹر بننے کا خواب دیکھنے لگا تھا مگر اب بنگلا دیش نے بغیر ڈائیلاگ کے ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع گنوا دیا۔
تمیم اقبال نے کہا کہ ممکن ہے موجودہ سکواڈ کے کئی کھلاڑیوں کو دوبارہ ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع نہ ملے اس لئے یہ صورتِ حال مجھے بالکل اچھی نہیں لگی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ کے صدر متھن منہاس کیساتھ میں نے کافی کرکٹ کھیلی ہے ،دونوں بورڈز کے درمیان کسی قسم کا مسئلہ نہیں ہے، اب سیکیورٹی کا بھی کوئی ایشو نہیں، بھارتی ٹیم کو کبھی خطرہ نہیں رہاجب بھی بھارتی ٹیم بنگلا دیش آتی ہے تو اسٹیڈیم بھر جاتے ہیں اور بنگلا دیش بھارت سیریز شاندار ثابت ہوتی ہے۔


