وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یقین ہے ایران، امریکہ بات چیت جلد مستقل امن میں بدلے گی جس سے خطہ خوشحال، بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا، فریقین کو میز پر لانے میں فیلڈ مارشل کا کردار اہم ہے، علمائے کرام امت میں اتحاد اور یگانگت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
اسلام آباد میں پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام چھٹی عالمی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے، پیغمبر اسلام ۖ کی حیاتِ طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے، امت کو تقسیم ،دہشت گردی میں ملوث عناصر مسلمان کہلانے کے لائق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم امریکی و ایرانی قیادت کے شکر گزار ہیں جو ہماری دعوت پر اسلام آباد آئیں اور مذاکرات کئے تاکہ جو بھی مسائل ہیں ان کا حل نکالا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، برادر ممالک چین اور ترکیہ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے امریکہ، ایران کے درمیان ہونیوالے امن مذاکرات کیلئے اپنا حصہ ڈالا۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے فریقین کو میز پر لانے کیلئے اہم کردار ادا کیا، خطے میں امن کیلئے ان کی شبانہ روز کوششیں ابھی تک جاری ہیں، اس حوالے سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی انتھک کوششیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بحران میں فرقے و مسلک سے قطع نظر پوری قوم سیسہ پلائی دیوار تھی، پاکستان کا امن کیلئے یہ کردار آئندہ بھی جاری رہے گا، علمائے کرام اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے امت میں اتفاق و اتحاد پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ یقین ہے ایران، امریکہ کے درمیان بات چیت جلد مستقل امن میں بدلے گی جس سے خطہ خوشحال ،بیروزگاری کا خاتمہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان کے معرض وجود میں آنے پر پوری قوم یکجا تھی اسی طرح خطے میں امن کیلئے بھی قوم متفق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین اور کشمیر پر اپنے اصولی موقف کی تجدید کرتا ہے، آزادی اور قانونی حق ملنے تک پاکستان مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا دفاع ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، سعودی عرب کیساتھ دفاعی معاہدہ حرمین شریفین دفاع کے عزم کی تجدید ہے۔


