ہومپاکستانریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کا عالمی دن، وزیراعظم کا ہمدردی، رضاکارانہ...

ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ کا عالمی دن، وزیراعظم کا ہمدردی، رضاکارانہ خدمت و یکجہتی کی اقدار اپنانے پر زور

وزیراعظم شہباز شریف نے ہمدردی، رضاکارانہ خدمت و یکجہتی کی اقدار اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سماجی سطح پر درپیش انسانی نوعیت کے مسائل کے حل کیلئے مضبوط، منظم و جامع نظام کے قیام کیلئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے عالمی یوم ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ پر دنیا بھر ،بالخصوص پاکستان میں تحریک میں شامل رضاکاروں، عملے اور شراکت داروں کو بے لوث انسانی خدمات پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال یہ دن ‘انسانیت میں اتحاد’ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، یہ موضوع انسانیت، ہمدردی اور یکجہتی کی پائیدار طاقت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں دنیا مجموعی طور پر پیچیدہ مسائل بشمول موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات، صحت عامہ کی دگر گوں صورتحال اور سماجی و معاشی ناہمواریاں کا سامنا کر رہی ہے اس تناظر میں ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ جیسی انسانی ہمدردی وخدمت پر وقف تنظیموں کا کردار مزید اہم ہو گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہر نوعیت کے بحران میں انسانی وقار اور تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، حکومت سماجی سطح پر درپیش انسانی نوعیت کے مسائل کے حل کیلئے مضبوط، منظم اور جامع نظام کے قیام کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آفات و ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مزید موثر ردعمل، عالمی سطح کی صحت سہولیات تک باآسانی رسائی اور معاشرے کے کمزور طبقات کے خصوصی تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں، ان اقدامات میں ابتدائی وارننگ سسٹمز کو مضبوط بنانا، موسمیاتی تبدیلی کے مطابق ڈھالے گئے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری، کمیونٹی کی سطح پر صحت کی سہولیات کو فروغ دینا اور وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو بہتر بنانا شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر ہنگامی صورتحال میں فوری موثر ردعمل کیلئے رضاکاروں اور فرسٹ رسپانڈرز کی صلاحیت و استعداد میں اضافہ کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ انسانی خدمت کیلئے تیار سماجی رضاکار صف اول میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، پاکستان ہلال احمر سوسائٹی آفات سے نمٹنے، خون کی فراہمی، صحت کی خدمات اور کمیونٹی تک رسائی میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے، دور دراز اور محروم علاقوں تک ان کی رسائی حقیقی معنوں میں انسانیت اور خدمت کے جذبے کی عکاس ہے، حکومت ان خدمات کی تحسین کرتی اور مستقبل میں شراکت داری مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئیے تمام فریقین بشمول حکومت، سول سوسائٹی، نجی شعبہ، بین الاقوامی شراکت دار اور سماجی طبقات مل کر ایک محفوظ، صحت مند اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کیلئے کام کرنے کا تجدید عہد کریں۔

Authors

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں