امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کے تقریباً 500ملین ڈالر مالیت کے کرپٹو کرنسی اثاثے ضبط کر لئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی وزیر خزانہ کے مطابق ہمارے آپریشن اکنامک فیوری نے تہران کی حکومت کو بحران سے دوچار کر دیا ہے، ہم 350ملین مالیت کے کرپٹو اثاثے ضبط کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، حال ہی میں حاصل کئے گئے مزید 100ملین ڈالر بھی اس رقم میں شامل ہیں اس طرح مجموعی رقم نصف ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے جبکہ دنیا بھر میں ایرانی بینک اکائونٹس منجمد کرنے کا عمل بھی جاری ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال مارچ میں معاشی دباؤ کی مہم کا حکم دیا تھا اور تقریباً 3ہفتے قبل مجھے ہدایت دی کہ دباؤ مزید بڑھایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ امریکا اب غیر ملکی حکومتوں و کمپنیوں پر بھی زور دے رہا ہے کہ وہ ایران سے تعلقات ختم کریں، ہم ایرانی تیل کے خریداروں سے رجوع کر چکے ہیں اور انہیں آگاہ کیا ہے کہ ہم انکی صنعتوں اور ان بینکوں کیخلاف ثانوی پابندیاں عائد کرنے کیلئے تیار ہیں جو اپنے نظام میں ایرانی تیل کی گنجائش یا سہولت فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی دباؤ کی مہم اور ایرانی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی ایران کی معیشت کو مستقل نقصان پہنچائیگی۔


