سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے وژن 2030کے آخری مرحلے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی عرب کی کونسل آف اکنامک اینڈ ڈویلپمنٹ افیئرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا اہم اصلاحاتی منصوبہ وژن 2030رواں سال اپنے تیسرے اور آخری مرحلے میں داخل ہو جائیگا، اجلاس میں وژن 2030سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، منصوبے کا مقصد سعودی عرب کی معیشت کو متنوع بنانا اور معاشرے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
سعودی ولی عہد نے کہا کہ عالمی معاشی اور سیاسی بے یقینی کے باوجود وژن 2030نے نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، منصوبے کے آغاز سے اب تک اور آئندہ بھی اسکی سب سے اہم سرمایہ کاری سعودی شہریوں کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانا رہی ہے، سعودی شہریوں کی ترقی کو وژن 2030کا مرکزی نکتہ قرار دینا منصوبے کے ابتدائی مرحلے سے ایک تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے، 2016 میں منصوبے کے آغاز کے بعد ابتدائی برسوں میں توجہ زیادہ تر سعودی عرب کے تیل پر انحصار کو کم کرنے پر مرکوز تھی۔


