ہومپاکستانچین کے تعاون سے خلائی تحقیق کا سفر تعلقات میں نئی جہتوں...

چین کے تعاون سے خلائی تحقیق کا سفر تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے خلائی مشن کو پاکستان کیلئے اہم سنگ میل، قوم کیلئے قابل فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے تعاون سے خلائی تحقیق کا سفر دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔

جاری بیان کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم سے خلائی مشن پر جانیوالے پاکستانی خلا بازوں خرم دائود اور محمد ذیشان علی نے ملاقات کی اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ اور سپارکو کے خلاباز اتاشی حسنین افتخار بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان خلا بازوں اور خلاباز اتاشی سے مل کر دلی خوشی ہوئی، آپ کا خلائی مشن پر تحقیق کیلئے جانا پاکستان کیلئے اہم سنگ میل ہے جو مجھ سمیت پوری قوم کیلئے قابل فخر امر ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں پر اعتماد ہوں کہ آپ پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب لکھنے جا رہے ہیں، شبانہ روز محنت کی بدولت یہ مقام حاصل کرنا قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی تعاون سے خلائی تحقیق کا سفر دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔

وزیر اعظم نے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خلائی تحقیق میں دونوں ممالک کی دوستی آسمان کی بلندیوں کو چھوتے ستاروں پر کمند ڈالنے کیلئے تیار ہے۔

چینی سفیر نے وزیر اعظم کی گفتگو کا خیر مقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے خلائی تحقیق میں تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔

اس موقع پر خلابازوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیلئے خلاء میں تحقیق کے فرائض سر انجام دینا باعث عزت و افتخار ہے، محنت اور لگن سے قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں