نوم پنہ (شِنہوا) کمبوڈیا نے چینی زبان کا عالمی دن 2026 منایا جس میں سینکڑوں مقامی حکام، اساتذہ، طلبہ اور چینی زبان کے دلدادہ افراد نے شرکت کی۔
کمبوڈیا کی وزارت تعلیم، نوجوانان اور کھیل کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پیر کی دوپہر رائل اکیڈمی آف کمبوڈیا کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمبوڈیا کے نائب وزیراعظم، وزیرتعلیم، نوجوان اور کھیل ہانگ چھون نارون نے کہا کہ چینی زبان چین اور کمبوڈیا کے درمیان آہنی دوستی اور تعاون کو مضبوط بنانے میں ایک اہم پل کا کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا کے تعلیمی نظام میں چینی زبان کی تعلیم تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی زبان میں مہارت کمبوڈین نوجوانوں کے لئے 21 ویں صدی میں روزگار اور کاروباری مواقع حاصل کرنے میں ایک اہم مسابقتی برتری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زبان پر عبور نہ صرف ذاتی ترقی میں مدد دیتا ہے بلکہ یہ کمبوڈیا کی معیشت کی ترقی کے لئے بھی ایک محرک ہے ، کمبوڈیا کا ہدف 2050 تک ملک کو ایک اعلیٰ آمدنی والا ملک بنانا ہے۔
وزیر نے طلبہ کو چینی زبان سیکھنے کی ترغیب دی تاکہ کمبوڈیا اور چین کے تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
تقریب کے دوران شرکاء چینی ثقافتی شو سے لطف اندوز ہوئے اور چینی خطاطی بھی دیکھی۔


