انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے چہرے پر سنگین چوٹ لگنے کے بعد زندہ رہنے پر خود کو خوش قسمت قرار دیدیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کو بین سٹوکس نے کہا ہے کہ اگر گیند ذرا سی ادھر ادھر لگتی یا میں نے اپنا سر نہ موڑا ہوتا تو شاید زندہ نہیں رہتا، چہرے پر سنگین چوٹ لگنے کے بعد زندہ بچ جانا میری خوش قسمتی ہے اور میں خود کو کافی خوش قسمت محسوس کر رہا ہوں کہ میں زندہ ہوں۔
34سالہ بین سٹوکس کیساتھ یہ واقعہ رواں سال فروری میں اسوقت پیش آیا جب وہ ڈرہم میں ایک نیٹ سیشن کے دوران اکیڈمی کھلاڑیوں کو ٹریننگ دے رہے تھے کہ گیند انکے چہرے پر لگی تھی جس کے نتیجے میں انکی گال کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی اور انہیں فوری طور پر سرجری کروانا پڑی تھی۔
بین سٹوکس نے یہ چوٹ اپنے انسٹاگرام سٹوری پر شیئر کی اور مزاحیہ انداز میں لکھا کہ تمہیں گیند کی حالت بھی دیکھنی چاہئے۔


