استنبول (لارڈ میڈیا): استنبول میں آر فور وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔ اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سفارتی کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیہ میں حوثی ملیشیا کے سعودی عرب پر مسلسل حملوں کی مذمت کی گئی اور یمن کی حکومت اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا اعادہ کیا گیا اور حوثی ملیشیا کو تمام کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
امریکا ایران فوجی تنازع اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر مذاکرات اور سفارتکاری پر زور دیا گیا۔ شہری بنیادی ڈھانچے بشمول جہازوں کو نشانہ بنانے سے روکنے پر بھی زور دیا گیا۔
اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی حمایت کا اظہار کیا گیا اور مغربی کنارے و مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی آبادکاری کی سرگرمیوں کی مذمت کی گئی۔ اسرائیل سے پر تشدد کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
اعلامیہ میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل پر جلد عمل درآمد کا مطالبہ بھی شامل تھا۔


