ہومتازہ ترینچینی بحریہ کا ہسپتال بردار جہاز طبی مشن پر گھانا پہنچ گیا

چینی بحریہ کا ہسپتال بردار جہاز طبی مشن پر گھانا پہنچ گیا

آکرا (شِنہوا) چین کی پیپلز لبریشن آرمی بحریہ کا ہسپتال بردار جہاز آسپیشیئس آرک دوستانہ دورے اور طبی مشن پر مغربی افریقی ملک گھانا کی مشرقی بندرگاہ تیما پہنچ گیا۔ یہ کسی چینی بحری ہسپتال جہاز کا گھانا کا پہلا دورہ ہے۔

’’مشن ہم آہنگی 2026‘‘ کے تحت خدمات انجام دینے والا ہسپتال بردار جہاز مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے) بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا۔

جہاز کی آمد پر چینی بحریہ کے اہلکار اور سویلین عملے کے ارکان عرشے پر قطار میں کھڑے ہوئے اور استقبال کے لئے آنے والے افراد کی جانب ہاتھ ہلا کر خیرمقدم کیا۔

استقبالیہ تقریب میں گھانا کے فوجی اور حکومتی حکام، گھانا میں چین کے سفیر، دفاعی اتاشی اور چینی سفارت خانے کے عملے کے علاوہ گھانا میں مقیم چینی برادری اور چینی کاروباری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور چینی بحریہ کے ہسپتال جہاز کے استقبال کے لئے چین اور گھانا کے قومی پرچم لہرائے۔

تقریب کے بعد گھانا کے حکومتی اور فوجی حکام نے گھانا میں چین کے سفیر، دفاعی اتاشی اور سفارت خانے کے عملے کے ہمراہ جہاز کا دورہ کیا اور مشن کے ارکان سے تبادلہ خیال کیا۔

سات روزہ دورے میں ہسپتال بردار جہاز پر مقامی مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ جہاز کے طبی عملے کے ارکان مقامی طبی مراکز میں بھی خدمات انجام دیں گے اور طبی شعبے میں تبادلۂ خیال کریں گے۔

مشن کے دوران جہاز کے عرشے پر استقبالیہ تقریب بھی منعقد کی جائے گی، تیما نیول بیس سکول میں صحت سے متعلق آگاہی سرگرمیاں منعقد ہوں گی اور گھانا کے فوجی افسران و اہلکاروں کے ساتھ دوستانہ فٹ بال میچ بھی کھیلا جائے گا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں