بیروت (لارڈ میڈیا): قطر نے لبنان میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے بڑے پیمانے پر شمسی توانائی کا منصوبہ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے لبنانی ہم منصب نواف سلام سے ملاقات کے بعد کہا کہ دونوں ممالک توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے جامع فریم ورک بنانے اور قابل عمل حل پیش کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔
قطر انرجی نے فرانسیسی کمپنی ٹوٹل انرجیز کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت لبنان میں ابتدائی طور پر مشترکہ سولر پاور پلانٹ تیار کیا جائے گا۔ قطری وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد ایسی بڑی سرمایہ کاری کرنا ہے جس سے لبنانی معیشت اور قطری کمپنیوں و اداروں کو فائدہ پہنچے۔
لبنانی وزیر اعظم نواف سلام نے کہا کہ بجلی کے شعبے سے متعلق منصوبے جلد کابینہ کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔


