لکی مروت (لارڈ میڈیا) سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں خوارجی زاہد گل ہلاک ہوگیا۔ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے مطابق زاہد گل خوارجی گل بہادر گروپ سے تعلق رکھتا تھا اور کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ زاہد گل دہشت گردی کے متعدد سنگین واقعات میں سکیورٹی اداروں کو مطلوب تھا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق زاہد گل نے خودکش گاڑی کی رہنمائی کی تھی اور بلی تنگ بینک ڈکیتی میں ملوث رہا، جس میں 60 لاکھ روپے لوٹے گئے۔ ڈکیتی کی رقم بنوں کی دہشت گرد تشکیلوں میں تقسیم کی گئی تھی۔
زاہد گل کوہاٹ میں خودکش حملہ آوروں کی ترسیل میں بھی ملوث تھا۔ دو ماہ قبل اس نے کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے کے لیے خودکش حملہ آور لایا، جو ناکام بنا دیا گیا۔ زاہد گل کے اگلے اہداف میں کوہاٹ میں پاک فضائیہ کا سیٹ اپ اور پولیس ٹریننگ اسکول شامل تھے۔


