پیرس (شِنہوا) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں 91 ویں پیرس موٹر شو کا آغاز ہو گیا جس میں ریکارڈ تعداد میں چینی کار ساز کمپنیوں نے شرکت کی۔ ان کمپنیوں نے اپنی جدید گاڑیوں اور ٹیکنالوجی کو نمائش کے لئے پیش کیا ہے۔
ایک ہفتے تک جاری رہنے والی اس تقریب میں 100 سے زائد نمائش کنندگان اور 60 سے زیادہ گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں شریک ہیں۔ بی وائی ڈی، ایکس پھینگ، چھانگ آن، ڈونگ فینگ اور لیپ موٹر سمیت 16چینی کمپنیوں کے 25 برانڈز موٹر شو میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ تعداد 2024 میں منعقدہ نمائش کے مقابلے میں تقریباً دو گنا ہے۔
پیرس موٹر شو کے ڈائریکٹر سرج گاشو نے کہا کہ دو سال پہلے کے مقابلے میں چینی گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں اپنے برانڈز کو زیادہ متعارف کرانے پر توجہ دے رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ مقامی شراکت دار تلاش کرنے کی کوششیں بھی تیز کر رہی ہیں جو فرانسیسی اور وسیع تر یورپی منڈیوں کے لئے ان کے بڑھتے ہوئے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
چینی کمپنیوں کے علاوہ آؤڈی، سٹروئن، پیجو، رینالٹ اور ووکس ویگن سمیت یورپی برانڈز بھی اپنی نئی گاڑیاں اور برقی ٹیکنالوجی پیش کر رہے ہیں۔ اس طرح الیکٹرک گاڑیاں، ذہین ڈرائیونگ اور نقل و حرکت کے جدید حل اس سال کی نمائش کے اہم موضوعات میں شامل ہیں۔
پیرس موٹر شو میں پہلی بار عوام کے لئے خودکار ڈرائیونگ ٹیکنالوجی کے عملی مظاہرے بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔ نمائش میں آنے والے افراد ان ٹیکنالوجیز کا طریقہ کار جان سکتے ہیں اور ذہین ڈرائیونگ نظام سے لیس گاڑیوں میں سفر کرکے حقیقی سڑکوں پر ان کی کارکردگی کا تجربہ کر سکتے ہیں۔
نمائش میں گاڑیوں کی آزمائشی ڈرائیونگ کا پروگرام بھی وسیع کیا گیا ہے، جس کے تحت 20 آٹو برانڈز کے تقریباً 90 ماڈلز پیش کئے گئے ہیں۔ ان میں بیٹری سے چلنے والی الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیاں شامل ہیں۔ نمائش کے دوران 5ہزار سے زائد آزمائشی ڈرائیونگ کا منصوبہ بنایا گیا ہے تاکہ لوگ جدید گاڑیوں کی کارکردگی اور تکنیکی خصوصیات کا خود تجربہ کر سکیں۔
ہر دو سال بعد منعقد ہونے والا پیرس موٹر شو اس سال پانچ ہالز پر مشتمل ہے۔جہاں اندرونی نمائش کے لئے 70 ہزار مربع میٹر جبکہ بیرونی نمائش کے لئے مزید 15 ہزار مربع میٹر جگہ مختص کی گئی ہے۔


