اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے کاروبار کی مالی معاونت اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے سمیڈا کو ملک بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے لیے مالی معاونت اور فنی استعداد بڑھانے کی حکمت عملی مکمل کرنے کا کہا ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں چھوٹے کاروبار کی معاونت کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سمیڈا کے تحت چھوٹے کاروباروں کو یکساں سہولیات فراہم کی جائیں اور خواتین کی شمولیت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے مقامی اور عالمی سطح پر کاروباری افراد کی منڈیوں تک رسائی کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال کی ہدایت کی۔ زرعی اجناس کے پیداواری اور تجارتی روابط منظم کرنے کی بھی خصوصی حکمت عملی تیار کرنے کا کہا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ چھوٹے کاروبار کی برآمدات اور عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کے لیے دنیا کے بہترین رائج طریقوں پر کام ہو رہا ہے۔ سمیڈا مختلف اداروں کے ساتھ مل کر ایک مربوط حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور دیگر حکومتی عہدیداران نے شرکت کی۔


