لندن (لارڈ میڈیا) : میئر لندن صادق خان نے ہاؤس آف لارڈز کے رکن بن کر ایک نیا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ انہیں برطانوی حکومت کی جانب سے ‘لارڈ خان آف ٹوٹنگ’ کا خطاب دیا گیا ہے، جو لندن اور برطانیہ میں ان کی عوامی اور سیاسی خدمات کے اعتراف میں ہے۔
حلف برداری کی تقریب کے دوران لارڈ کینیڈی آف ساؤتھ وارک اور لیبر پارٹی کی رکن بیرونس کینیڈی آف کریڈلی ہیتھ بھی موجود تھیں۔ دونوں نئے اراکین کے حلف اٹھانے کے بعد ایوان میں ان کا خیرمقدم کیا گیا اور انہوں نے لارڈ اسپیکر لارڈ فورسائتھ آف ڈرم لین سے مصافحہ کیا۔
حلف برداری کے بعد لارڈ خان نے ایوان سے روانگی کے موقع پر لارڈز کی رہنما بیرونس اسمتھ آف باسیلڈن، ان کے نائب لارڈ کولنز آف ہائیبری اور سابق ایسٹ اینڈرز اداکار لارڈ کیش مین سے ملاقات کی اور انہیں گلے لگایا۔
پارلیمنٹ میں آنے سے قبل صادق خان انسانی حقوق کے قانون کے ماہر وکیل تھے۔ بعد ازاں گورڈن براؤن کی حکومت میں وزیر ٹرانسپورٹ کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
صادق خان 2016 میں پہلی بار لندن کے میئر منتخب ہوئے تھے اور اس کے بعد مسلسل تین مرتبہ یہ انتخاب جیتا۔ وہ لندن کے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے میئر رہے ہیں۔
صادق خان لندن کے پہلے مسلمان میئر ہیں، جنہوں نے کووڈ 19 کی وبا، دہشت گرد حملوں اور ماحولیاتی ہنگامی صورتحال کے دوران دارالحکومت کی قیادت کی۔ انہیں گزشتہ سال نائٹ ہڈ سے بھی نوازا گیا تھا اور وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تنقید کا نشانہ بھی بن چکے ہیں۔


