چھانگ شا (شِنہوا) چین کے نائب وزیراعظم ژانگ گو چھنگ نے کہا ہے کہ چین بے دو نیویگیشن سیٹلائٹ سسٹم (بی ڈی ایس) میں تکنیکی جدت کو مزید فروغ دے گا تاکہ یہ دنیا بھر کے صارفین کے لئے مزید بہتر خدمات فراہم کر سکے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن ژانگ گو چھنگ نے یہ بات چین کے وسطی صوبہ ہونان کے شہر ژوژو میں منعقدہ بے دو ایپلی کیشنز سے متعلق پانچویں بین الاقوامی سربراہی اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ چین تمام فریقوں کے ساتھ مل کر وسعت اور انضمام، باہمی تعاون و اشتراک اور ایک دوسرے سے استفادہ کرتے ہوئے مشترکہ فوائد کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین بے دو نظام کو مصنوعی ذہانت، سیٹلائٹ انٹرنیٹ اور دیگر ٹیکنالوجیز کے ساتھ مربوط کرنے کے عمل کو مضبوط بنائے گا، نظام میں مسلسل بہتری اور جدت کا عمل جاری رکھے گا اور بے دو سے متعلق صنعت کی صحت مند اور منظم ترقی کو فروغ دے گا۔
ژانگ نے کہا کہ چین بے دو نظام کی خدمات کے دائرہ کار اور معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ سیٹلائٹ نیویگیشن کے شعبے میں عالمی نظم ونسق میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔
ژانگ کے مطابق بے دو نظام نہ صرف چینی عوام بلکہ دنیا بھر کے لوگوں کے لئے بھی فائدہ مند ہے۔ بے دو نظام اپنی مسلسل بہتر ہوتی کارکردگی اور خدمات کے معیار کے ساتھ ساتھ استعمال کے بڑھتے ہوئے شعبوں اور دائرہ کار کے ذریعے دنیا بھر کے صارفین کو مستحکم اور قابل اعتماد مقام کے تعین، نیویگیشن اور وقت کے تعین کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔
بے دو نظام کو نقل و حمل، زراعت، جنگلات، ماہی گیری، آبی وسائل کی نگرانی، موسمی پیش گوئی اور قدرتی آفات سے نمٹنے سمیت مختلف شعبوں میں وسیع پیمانے پر استعمال کیا جا رہا ہے۔
چینی اور غیر ملکی ماہرین و سکالرز، کاروباری رہنماؤں، حکومتی عہدیداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں سمیت تقریباً 900 افراد نے سربراہی اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔


