بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے ملک کے پولیس اہلکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ عوام کی خدمت کے عزم پر قائم رہیں، پارٹی اور عوام کے وفادار محافظ بنیں اور ذمہ داری و فرض شناسی کا بھرپور مظاہرہ کریں۔
شی جن پھنگ، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین بھی ہیں، نے یہ بات چین کے مشرقی صوبہ فوجیان کے شہر ژانگ ژو کی ایک مقامی پولیس یونٹ کو لکھے گئے جوابی خط میں کہی۔
اپنے خط میں شی جن پھنگ نے پولیس یونٹ”ژانگ ژو 110″ کے اہلکاروں کو نچلی سطح پر عوام کی خدمت اور سماجی استحکام برقرار رکھنے کے لئے ان کی محنت اور لگن کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس پر عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کے امن و سلامتی کے تحفظ کی اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے چینی پولیس پر زور دیا کہ وہ اچھی روایات کو برقرار رکھیں، عوام کی ضروریات اور مسائل حل کرنے کے لئے پوری لگن سے کام کریں اور عوام کی سلامتی کے تحفظ کے لئے محنت جاری رکھیں۔
’’ژانگ ژو 110‘‘ یونٹ چین کی پولیس فورس میں نچلی سطح پر کام کرنے والے مثالی یونٹوں میں سے ایک ہے۔ 1990 سے اس یونٹ نے 110 پولیس ایمرجنسی کال سروس سے منسلک فوری ردعمل کے نظام کو متعارف کرانے اور مسلسل بہتر بنانے میں پہل کی ہے، جو جرائم کے خلاف کارروائی، عوامی سلامتی برقرار رکھنے اور کمیونٹی کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
فوجیان میں اپنی ذمہ داریوں کے دوران شی جن پھنگ نے اس پولیس یونٹ کا تین مرتبہ دورہ کیا اور اس کے کام کا جائزہ لیا اور رہنمائی کی۔ حال ہی میں یونٹ کے اہلکاروں نے شی جن پھنگ کو خط لکھ کر اپنے کام سے آگاہ کیا اور نئے سفر میں اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔


