لاہور (لارڈ میڈیا): پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے ایشین گیمز میں شرکت کے لئے غیر معروف سافٹ ٹینس کے 14 رکنی دستے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ٹیم 14 ستمبر کو اسلام آباد سے جاپان روانہ ہوگی اور ایچی ناگو میں 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ہونے والے ایشین گیمز میں شرکت کرے گی۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سربراہ اعصام الحق نے اس اقدام پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سافٹ ٹینس کا کوئی وجود نہیں اور نہ ہی اس کی کوئی ایسوسی ایشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیک کریں گے کہ یہ ٹیم کس کی اجازت سے ایشین گیمز میں جا رہی ہے۔
گزشتہ ایشین گیمز میں پاکستان کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی، اور اس بار بھی غیر معروف کھلاڑیوں کی شمولیت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اعصام الحق نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کھیلوں کو تباہ کر رہا ہے اور جو پیسے دے سکتا ہے، وہ کسی بھی ایونٹ میں شرکت کر سکتا ہے۔
ان کے مطابق ایشین گیمز میں ٹینس کے لئے صرف دو کھلاڑی، ایک کپتان اور ایک کوچ جا رہے ہیں، جب کہ سافٹ ٹینس کے لئے بڑی ٹیم بھیجی جا رہی ہے۔ اعصام الحق نے کہا کہ اتنے تو ایونٹ بھی نہیں ہیں جتنے لوگ بھیجے جا رہے ہیں۔


