لندن (لارڈ میڈیا) انگلینڈ کے کپتان جوروٹ نے پاکستان کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اہم سنگ میل عبور کیا۔ یہ ان کی ٹیسٹ کیریئر کی 69ویں نصف سنچری تھی جس کے ساتھ ہی انہوں نے بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے۔
جوروٹ نے یہ کارنامہ 309 اننگز میں انجام دیا جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 329 اننگز میں 68 نصف سنچریاں بنائی تھیں۔ ویسٹ انڈیز کے شیونارائن چندرپال 66 نصف سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بدستور سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، جنہوں نے 51 سنچریاں بنائیں۔ جیک کیلس 45 سنچریوں کے ساتھ دوسرے جبکہ جوروٹ اور رکی پونٹنگ 41 سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
جوروٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے ریکارڈ کے بھی قریب پہنچ رہے ہیں۔ سچن ٹنڈولکر 15 ہزار 921 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ جوروٹ 14 ہزار 278 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ رکی پونٹنگ 13 ہزار 378 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ موجودہ کھلاڑیوں میں اسٹیو اسمتھ 10 ہزار 920 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔


